راولپنڈی، دشمن آزمانا چاہتا ہے تو آزما لے، ہمیں ہر محاز پر تیار پائے گا، آرمی چیف کہتے ہیں امن پسندی کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی حفاظت وسلامتی کیلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اگر دشمن آزمانا چاہتا ہے تو وہ ہمیں ہر لمحہ اور ہر محاذ پر تیار پائے گا۔
جی ایچ کیو راولپنڈی میں یوم دفاع وشہدا کی تقریب ہوئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور وفاقی وزرا سمیت کابینہ کے ارکان شریک ہوئے۔ تقریب میں شہدا کے لواحقین، غازی، حاضر سروس، ریٹائرڈ عسکری حکام اورجوان بھی شریک تھے۔
یوم شہدا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دفاع وطن ایک مقدس فریضہ ہے جو ہمیں جان سے بھی زیادہ عزیز ہے، ہر آزمائش میں ہم نے ثابت کیا کہ پاک فوج اپنے وطن کا دفاع کرنا جانتی ہے، دفاع وطن کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔موجودہ دور میں جنگ کی نوعیت بدل گئی ہے، دشمن کے عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے جب کہ آپ کے پیاروں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائے گی، ہم اپنے شہیدوں کو کبھی نہیں بھولے۔
کشمیر میں بھارت کے 5 اگست کے اقدامات کو یکسر مسترد کرتے ہیں، اس مشکل وقت میں افغانستان کوتنہا نہیں چھوڑیں گے، جمہوریت میں پاکستان کی مضبوطی اوربقا ہے۔