Sep 11, 2021 12:58 pm
views : 244
Location : Domestic Place
Islamabad- Rulers have not given any relief to the nation, they have only caused trouble, Shehbaz Sharif
اسلام آباد، موجودہ حکومت نے مہنگائی کے ظلم سے عوام کی صرف چیخیں نکلوائی ہیں، شہباز شریف کہتے ہیں حکمرانوں نے قوم کو کوئی ریلیف نہیں دیا صرف تکلیف دی ہے
اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایک ہفتے میں کھانے پینے اور روزمرہ اشیاء کی 24 قیمتوں میں 23 فیصد اضافہ عوام سے ظلم، زیادتی اور بدترین استحصال ہے، ایک ہفتے میں مہنگائی کی اوسط شرح 13.64 فیصد ہونا حکومت کے موجود نہ ہونے کا ثبوت ہے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ غریب طبقات کے لئے مہنگائی کی شرح 17.02 فیصد ہونے سے ملک میں بدترین غربت میں انتہائی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، 20 کلو آٹا 58 روپے مہنگا ہونے کا مطلب ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں، انڈے ، گھی، کوکنگ آئل، دال، لہسن، دودھ، دہی، چاول، گوشت کی قیمتوں میں مزید اضافہ عوام کی برداشت سے باہر ہے، گھی کی قیمت گزشتہ سال کے مقابلے میں 41 فیصد، کوکنگ آئل 37، چکن 39 فیصد مہنگا ہونا ظلم کی بدترین شکل ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بجلی گزشتہ سال کے مقابلے میں 47 فیصد اورایل پی جی 46 فیصد مہنگی ہوئی جو حکومتی نااہلی اور کرپشن کا شاخسانہ ہے، جوتے 33 فیصد مہنگے ہونے کا مطلب ہے کہ حکمران قوم کے پیر ننگے کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔