پیر سے 15 سے 17 سال کے نوعمر شہریوں کو ویکسین لگائی جائیگی
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کل (بروز پیر) سے 15 سے 17 سال کے نوعمر شہریوں کو ویکسین لگانے کا آغاز کرے گا۔
علاوہ ازیں گزشتہ ہفتے کی طرح یہ اتوار بھی ان افراد کو ویکسین لگانے کے لیے مخصوص کیا گیا ہے جنہیں دوسری خوراک لگنی ہے۔
دوسری جانب گزشتہ روز 3 ہزار 480 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ عالمی وبا سے 82 افراد انتقال کرگئے۔
وزارت
قومی صحت (این ایچ ایس) کے ترجمان ساجد شاہ نے ڈان کو بتایا کہ 15 سے 17
سال کے نوعمر شہریوں کو پیر سے ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
انہوں
نے کہا کہ 'انہیں فائزر ویکسین لگائی جائے گی اور یہ سہولت مفت فراہم کی
جائے گی، اس عمر کے بچوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نیشنل ڈیٹابیس اینڈ
رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے حاصل کردہ 'ب' فارم کے ہمراہ قریبی ویکسی نیشن
سینٹرز جائیں'۔
ایک سوال کے جواب میں ساجد شاہ کا کہنا تھا کہ نوعمر
بچے بھی کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ (سی این آئی سی) رکھنے والے افراد کی طرح
نادرا کی ویب سائٹ سے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔
ان کا مزید
کہنا تھا کہ 'فائزر ویکسین تمام ویکسی نیشن سینٹرز پر دستیاب ہوگی جبکہ ہم
بچوں کو ویکسین لگانے کے لیے تعلیمی اداروں میں ٹیمیں بھیجنے کا بھی انتظام
کر رہے ہیں'۔
یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ 24 اگست کو وزیر اعظم کے
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے پریس کانفرنس کے دوران اعلان
کیا تھا کہ یکم ستمبر سے 17 سال سے زائد عمر کے افراد کورونا ویکسین کی
پہلی خوراک لگوا سکیں گے اور تعلیمی اداروں میں داخل ہونے کے لیے 15 اکتوبر
تک تمام افراد کو ویکسین کی مکمل خوراکیں لگوانی ہوں گی۔