Aug 09, 2022 02:20 pm
views : 271
Location : different areas
Karachi- Ashura observed with religious fervour throughout country
کراچی، ملک بھر میں یوم عاشور کے جلوس، سکیورٹی سخت، مختلف شہروں میں موبائل سروس بند،کراچی سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے
کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں یوم عاشور کے جلوس نکالے گئے جن میں عزادار نواسہ رسول امام حسینؓ کو پرسہ پیش کیا گیا جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے اور مختلف شہروں میں موبائل سروس بھی معطل رکھی گئی۔
مرکزی جلوس عزا میں علم، تابوت، شبیہ ذوالجناح کی زیارات کی گئیں، معروف ماتمی انجمنوں کی جانب سے نوحہ خوانی و سینہ زنی کی گئی۔ مرکزی جلوس کے راستوں میں پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں جبکہ نیاز و تبرک بھی تقسیم کرنے کا اہتمام بھی کیا گیا۔
کراچی میں عاشور کے مرکزی جلوس کے شرکا کی جانب سے تبت سینٹر کے مقام پر نماز ظہرین ادا کی گئی۔ جلوس کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے تحت پولیس اور رینجرز کے 7 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے۔
لاہور میں یوم عاشور پر ذوالجناح کا مرکزی جلوس گذشتہ شب نثار حویلی سے برآمد ہوا، پشاور میں یوم عاشورکا مرکزی ماتمی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا منزل کی جانب رواں دواں رہا۔ کوئٹہ میں یوم عاشور کا جلوس امام بارگاہ سید آباد علمدارروڈ سے برآمد ہوکر واپس علمدار روڈ پر اختتام پذیر ہوا،آزاد کشمیر میں یوم عاشورہ کے 42 مقامات پر بڑے جلوس نکالے گئے۔ مظفرآباد میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری سے برآمد ہوا۔
یوم عاشور کے حوالے سے صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ امّتِ مسلمہ کو حق و صداقت، دین کی بقا اور فروغ کے لیے ڈٹ جانا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یوم عاشور کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ شہادت امام حسینؓ اُمت مسلمہ کے لیے ایک عظیم درس ہے۔ ہم سب کو چاہیے کہ ان کے فلسفہ شہادت کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں۔