لاہور،
ملتان سکھر موٹروے پر بس اور آئل ٹینکر میں خوفناک تصادم، بیس مسافر جاں
بحق، حادثے کے بعد زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا
ملتان
سکھر موٹروے پر سلیپر بس کے آئل ٹینکر سے ٹکرانے کے نتیجے میں آگ لگ گئی،
جس کے نتیجے میں بیس مسافر جاں بحق گئے جبکہ چھ افراد زخمی ہوگئے، جنہیں
فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق
تصادم ہوتے ہی بس کو آگ لگ گئی۔ حادثے کے فوراً بعد موٹروے ایم 5 کو ٹریفک
کے لیے بند کردیا گیا ۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس ، ریسکیو 1122 اور
افسران پہنچ جائے حادثہ پر پہنچے جب کہ آگ بجھانے والی ٹیموں نے کارروائی
شروع کی۔ آئی جی خالد محمود کی ہدایت پر موٹر وے پولیس نے ایمرجنسی کرائسز
سنٹر تشکیل دیدیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق موٹروے پولیس نے جلتی بس
سے کچھ مسافروں کو بحفاظت نکالا جبکہ بس میں تقریباً 25 افراد سوار تھے۔
امدادی ٹیموں کو بس میں لگی آگ بجھانے میں کئی گھنٹے لگے ۔ عینی شاہدین کے
مطابق آگ اتنی شدید تھی کہ کئی میل دور سے شعلے بلند ہوتے دکھائی دے رہے
تھے۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر
پر بیان میں بس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے میں 20
قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھی اور رنجیدہ ہوں۔ میری دعائیں غمزدہ خاندانوں
کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں
جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔