راولپنڈی،
سیلاب نے بہت زیادہ تباہی پھیلائی ہے، لوگوں کی بحالی میں بہت سال لگ
جائیں گے، سپہ سالار کہتے ہیں پوری قوم کی مدد چاہیے، محدود وسائل ہیں مخیر
حضرات آگے آئیں اور سیلاب زدہ متاثرین کی مدد کریں
آرمی
چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خیر پور او ر قمبر شہداد کوٹ میں سیلاب زدہ
علاقوں کا دورہ کیا، امدادی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا۔
پاک فوج کے شعبہ
تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپہ سالار نے خیر پور اور قمبر
شہداد کوٹ کا دورہ کرتے ہوئے سیلاب زدہ علاقوں میں کام کرنے والے جوانوں سے
بھی ملاقات کی۔
آرمی چیف نے سیلاب متاثرین سے بات چیت، میڈیکل اور
ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا، سیلاب متاثرین نے مدد کرنے، مسائل سننے اور حل
کے لیے اقدامات پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا
کہنا تھا کہ میں چند دن سے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کررہا ہوں،کل میں
بلوچستان کے علاقوں اوتھل اور بیلہ کے میں تھا اور آج سندھ کے علاقے
خیرپور میں آیا ہوں، یہاں بہت تباہی ہوئی ہے، وفاقی حکومت، صوبائی حکومت،
پاکستان آرمی، پاک فضائیہ، پاک بحریہ اور فلاحی ادارے بہت کوشش کررہے ہیں
کہ لوگوں کو ریلیف پہنچائی جائے لیکن سیلاب نے بہت زیادہ تباہی پھیلائی ہے،
لوگوں کی بحالی میں بہت سال لگ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپیل
کرتا ہوں تمام مخیر حضرات سے کہ وہ سامنے آئیں اور اس مشکل حالات میں اپنے
ان بھائیوں کی مدد کریں، ہم اپنی پوری کوشش کررہے ہیں لیکن جیسے میں نے
بتایا ہے کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومت اور آرمڈ فورسز کے وسائل محدود
ہیں، آپ لوگ سامنے آئیں، جس طریقے سے بھی آپ لوگ مدد کرنا چاہتے ہیں،
تاکہ لوگوں کو ہم بحال کرسکیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ ریلیف آپریشن اور
ریسکیو آپریشن ختم ہوچکا ہے اب بحالی کا معاملہ ہے اور وہ بہت سال لے گا،
اس کیلئے پوری قوم کی مدد چاہئے، دوست ممالک سے بھی ہماری حکومت نے درخواست
کی ہے، ہمیں ان سے بہت امید ہے۔ عوام کی طرف سے اپنے دوست ممالک سے اپیل
کرتا ہوں کہ وہ مشکلات میں گھرے ان سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔