اسلام
آباد، اس وقت پوری قوم ایک عظیم سانحے سے دوچارہے، پاکستان ڈوب رہا ہے،
لوگ زمین پر رینگ رہے ہیں، سراج الحق کہتے ہیں حکومت کے دس بڑے لوگ اپنی
دولت کی زکوۃ دیں تو عالمی اداروں کی ضرورت نہیں
امیر
جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اسلام آباد سے
چار کروڑ کا امدادی سامان متاثرہ علاقوں کو بھیج رہی ہے۔جماعت اسلامی اور
الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار دن رات لوگوں کی خدمت میں مصروف ہیں، الخدمت
فاؤنڈیشن کو لوگوں نے ابھی تک 45کروڑ کے فنڈز دئیے ہیں۔
وفاقی
دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے گلبرگ گرین سے امدادی سامان کی ترسیل سے
قبل ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی
سراج الحق نے کہا کہ لوگوں نے جماعت اسلامی پر غیر معمولی اعتماد کا اظہار
کیا ہے، چودہ جون سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا، محکمہ موسمیات نے سیلابی
صورتحال کی پیشگوئی بھی کی تھی، میں نے پورے ملک کے متاثرہ علاقوں کا دورہ
کیا، لوگوں پر اس وقت بڑی آزمائش کا وقت ہے، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت
سیلاب سے نمٹ رہے ہیں، حکومت نے پیش گوئیاں ہونے کے باوجود کوئی اقدامات
نہیں کیے۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی قوم غیرتمند اور
بہادر قوم ہے، اتنی بڑی مصیبت کے وقت بھی لوگ شکست خوردہ نہیں ہوئے، انہوں
نے سیلاب کا مقابلہ کیا، پڑوسیوں کو بچانے کیلئے بھرپور جدوجہد کی۔ہم عوامی
خدمت جاری رکھیں گے۔