اسلام آباد، تباہی بہت بڑی ہوئی ہے، ہم سب کو مل کر پاکستان کو دوبارہ کھڑا کرنا ہے، احسن اقبال کہتے ہیں سمندرپار پاکستانی بھی دل کھول کر عطیات دیں، ترقیاتی فنڈز میں کٹوتی کرکے بحالی کے کام کئے جائینگے
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ بارشوں اور سیلاب سے معیشت بری طرح متاثر ہوئی اور ابتدائی تخمینے کے مطابق پاکستان کو تقریباً دس ارب ڈالر سے زیادہ بحالی کے لیے درکار ہوں گے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اخراجات میں کٹوتی اور سیلاب زدگان کو زیادہ سے زیادہ سامان کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں، ہم پاکستان کے ترقیاتی بجٹ کا بھی جائزہ لے رہے ہیں اور اس میں سے بھی بچت کر کے فنڈز کو لوگوں کی بحالی اور متاثرہ علاقوں کی ترقی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا چیلنج ہے جس کا مقابلہ پوری قوم نے مل کر کرنا ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ امدادی کارروائیوں میں بڑی چڑھ کر حصہ لیں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے عمل میں کریں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ وقت پاکستان کی کاروباری برادری اور صاحب ثروت افراد دل کھول کر حصہ لیں، اسی طرح سمندر پار پاکستانیوں کے لیے موقع ہے کہ وہ دل کھول کر عطیات دے سکتے ہیں جبکہ اگر وہ کام کرنا چاہتے ہیں تو ہم ان کو ہر طرح سہولت دیں، یہ وقت ہے کہ ہم سب کو مل کر پاکستان کو دوبارہ کھڑا کرنا ہے، تباہی بہت بڑی ہوئی ہے۔