سیہون شریف کی آبادی کو بچانے کیلیے منچھر جھیل میں کٹ لگادیا گیا
سندھ حکومت نے سیہون اور بھان سعید آباد کو بچانے کے لیے منچھر جھیل میں کٹ لگادیا جس کے بعد متاثرہ افراد کی منتقلی کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے منچھرجھیل پر کٹ لگانے سے متعلق اپنا ایک بیان جاری کیا ہے۔انکا کہنا تھا کہ کوشش ہے بھان سعید آباد اور سیہون کو بچائیں۔
واضح رہے کہ منچھر جھیل کو باغ یوسف کےمقام پر کٹ لگا دیا گیا، جھیل میں کٹ لگانے سے 5 یونین کونسلوں کی 83 ہزار سے زائد آبادی کی نقل مکانی جاری ہے۔
منچھر جھیل میں کٹ لگنے کے بعد وزیرِ اعلیٰ سندھ کا آبائی حلقہ یو سی واہڑ سمیت بوبک،جعفر آباد،چنا اور یو سی اراضی زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں سیلابی حادثات میں 26افراد جاں بحق اور 11زخمی ہوگئے۔
اس حوالے سے این ایف آرسی سی کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 14جون سے اب تک جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد1290ہو گئی۔
جاں بحق ہونے والوں میں 570مرد،259خواتین اور453بچے شامل ہیں، مختلف حادثات میں12588افراد زخمی بھی ہوئے۔
این ایف آرسی سی ترجمان کے مطابق ساگوپل کو ملانے کے لئے دونوں جانب سے کام جاری ہے، سیلاب اور بارشوں کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں ریلوے نیٹ ورک بھی شدید متاثر ہوا ہے۔