کوئٹہ، بلوچستان میں اگلا مرحلہ متاثرین کی بحالی کا ہے جس کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں،مشیر داخلہ بلوچستان کہتے ہیں صوبے کے عوام کا دارومدار زراعت اور لائیو سٹاک پر ہے،بلوچستان میں زراعت اور مال مویشی مکمل ختم ہو چکے ہیں
مشیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو نے کہا ہے کہ دو سے تین مہینوں سے پورا بلوچستان سیلابی صورتحال سے متاثر ہے۔ اس ضمن میں اقوام متحدہ اور این جی اوز کے ساتھ اجلاس کیا تاکہ ریلیف کی سرگرمیاں معلوم ہوسکیں۔
پی ڈی ایم اے کے دفتر میں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو کا مزید کہنا تھا کہ اگلا مرحلہ متاثرین کی بحالی کا ہے جس کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں،بلوچستان کے عوام کا دارومدار زراعت اور لائیو سٹاک پر ہے،بلوچستان میں زراعت اور مال مویشی مکمل ختم ہو چکے ہیں۔
میر ضیاء لانگو کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کا بیان ملک دشمنی کے مترادف ہے، ایک طرف ہم سیلاب سے نبرد آزما ہیں وہیں عمران خان اپنے ملک کے اداروں کو عوام سے دور کر نے میں مصروف ہیں، عمران خان کو سوچنا چاہئے کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں اگر خدا نخواستہ عمران خان اداروں کے خلاف زہر اگلنے میں کامیاب ہوئے تو اس سے ملک کو نقصان پہنچے گا۔
مشیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت این ڈی ایم اے کے کردار کی اشد فرورت ہے، ہم نے تمام اضلاع میں میڈیکل کیمپس قائم کردیئے ہیں۔