اسلام آباد، عمران خان کو عدالت سے مکمل ریلیف ملے گا، فیصل چوہدری کہتے ہیں سیاسی مخالفین کی جانب سے عمران خان پر بے بنیاد سیاسی کیس بنایا گیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہےکہ ہمیں عدالتوں سے انصاف کی توقع ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہم ہفتے کے آخر میں عدالت سے کچھ اچھے نتائج حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان ایک مرتبہ پھر اے ٹی سی کے سامنے پیش ہوئے ہیں اور ایک بار پھر حکومت نے تاخیری حربے استعمال کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالت نے تفتیشی اداروں کو وقت دیا کہ تحقیقات کو منصفانہ طریقے سے آگے لے کر چلیں اور ہمیں پوری امید ہے کہ آئندہ ہفتے عدالتوں سے کچھ اچھے نتائج حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے کیونکہ یہ سارا کیس من گھڑت، بے بنیاد ہے اور اس کا کوئی جواز نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ عدالتیں آزاد ہیں اور یہ ضمانت کیلئے اچھا کیس ہے، مجھے امید ہے کہ ضمانت مل جائے گی۔
ان کا مزید کہناتھا کہ عمران خان کو عدالت سے مکمل ریلیف ملے گا کیونکہ سیاسی مخالفین کی جانب سے عمران خان پر بے بنیاد سیاسی کیس بنایا گیا ہے۔