Oct 02, 2022 08:07 pm
views : 288
Location : Domestic Place
Islamabad- IHC grants protective bail to Imran Khan in remarks against judge case till Oct 7
خاتون جج کو دھمکی دینے کا کیس؛ عمران خان کی عبوری ضمانت منظور
خاتون جج سے متعلق بیان کے کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر عبوری ضمانت منظور ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ نے چھٹی کے روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی خاتون جج کو دھمکیوں کے کیس میں 7 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا، عدالت نے عمران خان کو ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کا حکم بھی دے دیا۔
پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کے رابطہ کرنے پر اسلام آبادہائی کورٹ کے ڈائری برانچ کا عملہ فوری عدالت پہنچا جہاں عمران خان کی جانب سے بابر اعوان ایڈووکیٹ نے وارنٹ گرفتاری کی منسوخی اور عبوری ضمانت کے لیے درخواست دائر کی۔
درخواست میں عمران خان نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے خلاف جج دھمکی کیس میں ابتدائی طور پر دہشت گردی کا مقدمہ بنایا گیا، ہائی کورٹ نے دہشت گردی کی دفعات ختم کیں تو کیس منتقل ہو گیا، مقدمے کا مقصد عمران خان کو گرفتار کر کے پرامن سیاسی جدوجہد کو روکنا ہے۔
اسلام آبادہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد روک دیا اور عمران خان کو سات اکتوبر سے قبل ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے عمران خان کو 10 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے، خیال رہے کہ عمران کو بغیر پیش ہوئے آج دوسری بار عبوری ضمانت مل گئی۔
واضح رہے کہ پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کے وارنٹ گرفتاری ان کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنانے کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔