Oct 16, 2022 07:41 pm
views : 326
Location : Different Places
Islamabad- By-elections 2022: Imran Khan leading on majority of NA seats as vote count underway
ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی
قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے صبح 8 بجے سے شروع ہونے والا پولنگ کا وقت 5 بجتے ہی ختم ہوگیا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع کر دی گئی۔
ادھر ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ضمنی انتخابات میں مجموعی طور پر ماحول پُرامن رہا، الیکشن کمیشن کنٹرول روم کو 15 شکایتیں موصول ہوئیں، زیادہ ترکارکنوں کے آپس کے جھگڑے کی شکایات آئیں جسے فوری حل کیا گیا۔
کراچی این اے 237 میں ضمنی انتخاب کے دوران ملیر کے پولنگ اسٹیشن پر پی ٹی آئی کراچی کے صدر حملے کے دوران زخمی ہوگئے، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
تحریک انصاف نے الزام عائد کیا ہے کہ ہمارے کراچی کے صدر بلال غفار پر ملیر غازی گوٹھ میں پیپلز پارٹی کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، بلال غفار کو قریبی اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔
ضمنی انتخابات والے حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 44 لاکھ سے زائد ہے۔ ان حلقوں میں پی ٹی آئی اور 13 جماعتی حکومتی اتحاد کے امیدوار آمنے سامنے ہیں۔ قومی اسمبلی کے 8 میں سے 7 حلقوں پر عمران خان خود امیدوار ہیں۔
الیکشن کمیشن اسلام آباد میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، امن و امان کے قیام کے لیے سخت سکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں، پاک فوج کے جوان اور رینجرز اہل کار فرائض انجام دے رہے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے چیف سیکریٹریز، آئی جیز کو مراسلہ بھیج کر ہدایت کی ہے کہ ضمنی الیکشن کا شفاف اور غیر جانب دارانہ انعقاد یقینی بنایا جائے۔