کراچی، بلدیاتی اداروں کو اختیارات دینے کیلئے سمری تیار کرلی گئی ہے،مرتضیٰ وہاب کہتے ہیں سمری کے تحت میئر کو وسیع اختیارات حاصل ہونگے اور کے ڈی اے، واٹر بورڈ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، ضلع کراچی کاچیئرمین میئر ہوگا
ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ 2018ء میں چائنا کٹنگ کے ذریعے ملیر میں قومی اسمبلی کی سیٹ چھینی گئی تھی جسے دوبارہ حاصل کرلیا ہے، کسی بھی قوم کے لئے تعلیم گیم چینجر کی حیثیت رکھتی ہے، پیپلزپارٹی کی حکومت نے اساتذہ کو شفاف انداز میں میرٹ پر تقرر نامے دیئے ہیں۔
سندھ بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے آڈیٹوریم میں آئی بی اے کا ٹیسٹ پاس کرنے والے اساتذہ میں آفر لیٹر کی تقسیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت مستقبل کے معماروں کی بہتر اور معیاری تعلیم و تربیت پر یقین رکھتی ہے اور اس کے لئے ہر سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں، سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں سہولیات بہتر بنائی جا رہی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی تربیت کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے، دور حاضر کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے جدید تعلیمی نظام کو اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ تعلیم کا عمل درست خطوط پر استوار ہوسکے، اس مقصد کے تحت تجربہ کار اساتذہ اور ماہرین تعلیم سے رجوع کیا گیا ہے اور ان کی مشاورت سے حکمت عملی تیار کی گئی ہے، ہم سب کا ایک ہی مقصد ہے اور وہ اپنے بچوں کی بہتر اور معیاری تعلیم و تربیت ہے جس کے لئے کوششیں جاری رکھنا ہوں گی۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی اسکاؤٹس آڈیٹوریم آمد پر اسکول کے بچوں نے ملی نغموں کی دھنوں پر ان کااستقبال کیا جس کے بعد ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے آئی بی اے کا ٹیسٹ پاس کرنے والے 201 مرد و خواتین اساتذہ میں آفر لیٹر تقسیم کئے اور انہیں مبارکباد دی۔