ارشد
شریف کی والدہ کا بیٹے کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لئے عدالت سے رجوع ، ارشد
شریف کی والدہ کا کہنا ہے کہ پمز اور لوکل انتظامیہ نے ارشد شریف فیملی کو
اندھیرے میں رکھا ہوا ہے ، مشکل وقت میں ارشد شریف کی فیملی کی تذلیل کی جا
رہی ہے
مرحوم اینکر پرسن ارشد شریف شہید کی پوسٹ مارٹم رپورٹ فراہم نہ کرنے کے خلاف ان کی والدہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئیں۔
ارشد
شریف کی والدہ کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ پمز انتظامیہ
رپورٹ کے حوالے سے نہ انکار کرتی ہے نہ رپورٹ فراہم کرتی ہے، پمز اور لوکل
انتظامیہ نے ارشد شریف فیملی کو اندھیرے میں رکھا ہوا ہے، مشکل وقت میں
ارشد شریف کی فیملی کی تذلیل کی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کی والدہ رفعت آرا علوی نے بطور پٹشنر بائیو میٹرک تصدیق کروائی ہے۔
درخواست
میں کہا گیا کہ 3 نومبر کو ارشد شریف کی فیملی کے فوکل پرسن نے انتظامیہ
سے رپورٹ مانگی ، انتظامیہ نے کہا ان کے پاس پوسٹ مارٹم رپورٹ نہیں پولیس
کے پاس ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ فیملی فوکل پرسن پولیس کے پاس گئے تو
انھوں نے بھی انکار کرتے ہوئے انتظامیہ سے رابطے کا کہہ دیا ، پمز
انتظامیہ سے بارہا رابطہ کیا نہ انکار کرتے ہیں نہ رپورٹ فراہم کرتے ہیں۔
درخواست
میں استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شک ہے کہ حقائق مسخ کرنے کیلئے پوسٹ
مارٹم رپورٹ میں رد وبدل کیا جا سکتا ہے، تمام عمل شفاف بنانے کیلئے ارشد
شریف فیملی کو ہر لمحہ آگاہ رکھا جائے۔