کراچی میں دفاعی نمائش
آئیڈیاز 2022 کا آغاز ہوگیا ، وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے بین الاقوامی دفاعی
نمائش آئیڈیاز 2022 کا افتتاح کیا ، وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے
دنیا میں امن کے لیے کام کیا اور کرتا رہے گا
وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کا افتتاح کردیا ، سندھ پولیس بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیازمیں پہلی بارشرکت کرے گی ۔
بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے، اتحادی حکومت ملک کو معاشی چیلنجز سے نکالنے کے لیے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت بہت سے چیلنجز سے نبرد آزما ہے۔
وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ملک کو معاشی چیلنجز سے نکالنے کے لیے بھرپور کام کر رہے ہیں، خارجہ پالیسی کے تحت دوسرے ممالک سے تعلقات بہتر کر رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا استعمال ترقی کی طرف بہت معاون ہے، پاکستان نے دنیا میں امن کے لیے کام کیا اور کرتا رہے گا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا مزید کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیرکا پرامن حل خطے کی بہتری کے لیے اہم ہے، آئیڈیاز 2022 کا انعقاد باہمی ہم آہنگی اور تعلقات کی بہتری میں معاون ثابت ہو گا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے پاکستان کافی متاثر ہوا۔
سندھ پولیس بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیازمیں پہلی بارشرکت کرے گی ، ایس ایس یواسپیشل ویپن اینڈٹیکٹکس ٹیم اورانفارمیشن ٹیکنالوجی ونگ کی نمائش کی جائے گی۔
سندھ پولیس ہال نمبر8 پاکستان پویلین میں اپنی خدمات کا مظاہرہ کرے گی۔
ڈی آئی جی ڈاکٹر مقصود نے بتایا کہ نمائش میں تلاش ایپ سے متعلق بھی بریفنگ دی جائے گی۔
خیال رہے 4 سال بعد بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز کا انعقاد ہورہا ہے ، نمائش پندرہ سے اٹھارہ نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری رہے گی۔
ایونٹ ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کےتحت منعقد کیا جاتا ہے ، ایونٹ عالمی امن، استحکام اور توازن کے مشترکہ مقاصد میں معاون ثابت ہوگا اور عالمی برادری کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کرے گا۔