ملک دیوالیہ ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، احسن اقبال
وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ملک ڈیفالٹ ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، تحریکِ انصاف کے پھیلائے گئے جھوٹ میں کوئی حقیقت نہیں۔
عمرہ ادائیگی کے بعد جدہ میں پاکستان قونصلیٹ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ بیرون ملک ہر شخص کی اچھائی یا برائی اس کے ذاتی نام سے نہیں بلکہ اس کے ملک سے پہچانی جاتی ہے، سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سعودی عرب کے قوانین کا احترام کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدے پر عمل کر کے معیشت کو بہتر بنایا، پی ٹی آئی نے پوری قوم کو ایک دوسرے کا گریبان پکڑا دیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کے لیے اسٹریٹجک پارٹنر کی حیثیت رکھتے ہیں، حکومت نے سی پیک کا دوبارہ آغاز کیا، جسے پی ٹی آئی نے برباد کر دیا تھا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ سی پیک طرز کا سعودی عرب سے بھی اقتصادی تعاون قائم کرنا چاہتے ہیں، سی پیک کے تحت چین اور سعودی عرب کو مشترکہ سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔
وفاقی وزیر و رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال کا یہ بھی کہنا ہے کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کے لیے انشورنس اسکیم متعارف کرائی جائے گی۔
احسن اقبال نے کہا کہ بیرون ملک محنت کش پاکستانیوں کے لیے انشورنس اسکیم متعارف کروائی جائے گی تاکہ ان کی حادثاتی موت کی صورت میں ان کے خاندان کی کفالت ہوسکے۔