پاکستان کے روس کے ساتھ خام
تیل، پٹرول اور ڈیزل کے معاہدے ہوگئے، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم کا کہنا
ہے کہ روسی سرکاری وفد جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گا ، روس کا دورہ
ہماری امیدوں سے زیادہ کامیاب رہا
وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ روس ہمیں سستے نرخوں پر پیٹرول، ڈیزل اور خام تیل فراہم کرے گا۔
وزیر
مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کے روس کے ساتھ خام
تیل، پٹرول اور ڈیزل کے معاہدے ہوگئے، روس رعایتی نرخوں پر پاکستان کو خام
تیل دے گا، روس کے نئے کارخانوں سے ایل این جی کے معاہدے کریں گے، روسی
سرکاری وفد جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گا، معیشت چلے گی تو ملک آگے
چلے گا، آگے بڑھنے کے لئے ہمیں ترقی کی شرح میں اضافہ کرنا ہوگا۔
اسلام
آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا عوام کو مبارکباد
دینا چاہتا ہوں کہ روس کا دورہ کامیاب رہا، روس کا دورہ ہماری امیدوں سے
زیادہ کامیاب رہا۔
وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا گزشتہ برس دنیا گرین
انرجی کی طرف گئی، دنیا نے ایسے میں ایل این جی کا بڑا حصہ خرید لیا، روس
کے پاس ابھی ایل این جی موجود نہیں ہے لیکن روس میں نجی کمپنیوں سے ایل این
جی کیلیے بات چیت شروع ہوگئی ہے، روس کے سرکاری ایل این جی کارخانوں سے
بھی بات چیت شروع ہو گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشی ترقی کے لئے
ڈیڑھ سے 2 فیصد زیادہ ایل این جی درکار ہے، ہمیں ہرسال اپنی انرجی میں 8 سے
10 فیصد اضافہ کرنا ہوگا، وہ کون سی حکومت تھی جو کہہ رہی تھی کہ ہمیں
انرجی لگانے کی کوئی ضرورت نہیں؟ کیا آپ نے ترقی کے سب دروازے بند کردیئے
تھے؟ اگر ہمیں آگے بڑھنا ہے تو ہمیں ترقی اور توانائی چاہیے، اگر ہمیں ہر
سال 5 سے 6 فیصد ترقی کرنی ہے تو ہمیں ہرسال اپنی انرجی میں 8 سے 10 فیصد
اضافہ کرنا ہوگا، ہم نے اپنی کمپنیوں کو کہا ہوا ہے، آپ کچھ بھی کریں صبح 6
سے 9 بجے تک گیس گھروں میں آنی چاہیے۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ایران سے جلد بات چیت شروع کرینگے، ہم نہیں چاہتے کہ کسی قید میں آجائے اور پابندیاں لگ جائیں۔