ستر سالہ جشن رفاقت ،
پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اردو ہائیکو مشاعرےکا
انعقاد ، ممتاز شعرائے کرام نے اپنی عمدہ ہائیکو سے حاضرینِ مشاعرہ کو
محظوظ کیا ، مشاعرہ قونصل خانہ جاپان، کراچی کی سرپرستی اورآرٹس کونسل آف
پاکستان، کراچی کے اشتراک سے منعقد کیا گیا
پاکستان
اور جاپان کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کو شایان شان
طریقے سے منانے کے لیے پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن (سندھ)نے سال
2022ء میں مختلف سماجی، ثقافتی وادبی پروگرامز کا انعقاد کیا۔اسی سلسلے کی
ایک کڑی 9 دسمبر 2022ء کی شام، آرٹس کونسل آف پاکستان، کراچی میں ہونے
والا ”پینتیسواں سالانہ ۱ردو ہائیکومشاعرہ“ بعنوان ”ستر سالہ جشن
رفاقت“بھی ہے، جو قونصل خانہ جاپان، کراچی کی سرپرستی اورآرٹس کونسل آف
پاکستان، کراچی کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔
اس دل چسپ ہائیکومشاعرے
کی صدارت اردوکے نامور شاعر وصحافی محترم محمود شام نے کی جبکہ ٹیلی وژن کی
ممتاز شخصیت،محترمہ خوش بخت شجاعت نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے مشاعرے کو
رونق بخشی۔ مشاعرے کی نظامت کے فرائض تجربے کار شاعر،براڈکاسٹر محترم شہاب
الدین شہاب اور معروف شاعرہ ڈاکٹر رخسانہ صباصاحبہ نے سر انجام دئیے۔
مشاعرے
کے باقاعدہ آغاز سے قبل،PJCAکے نائب صدرِ اول،ممتاز سفارت کارعزت مآب محمد
عظمت(شیگی یوکی) اتاکا؛ قونصل خانہ جاپان، کراچی کے ڈپٹی قونصل جنر ل،عزت
مآب یاسُوشی ناگاکاوا اور مہمانِ خصوصی محترمہ خوش بخت شجاعت نے اس مو قع
پر ہائیکو مشاعرے اور پاکستان اور جاپان کی ستر سالہ رفاقت کے بارے میں
اپنے خیالات کا اظہار کیا۔آرٹس کونسل آف پاکستان، کراچی کے صدرکی نمایندگی
کرتے ہوئے مشہور اداکارہ ڈاکٹر ہما میر صاحبہ نے ڈپٹی قونصل جنرل جناب
یاسُوشی ناکاگاوا کو انتظامیہ کی جانب سے گُل دستہ پیش کیا اور آیندہ بھی
ایسی تقاریب کے انعقاد کے لیے آرٹس کونسل کی طرف سے بھر پور تعاون کا یقین
دلایا۔
اس موقع پر،جاپانی زبان سے آگہی رکھنے والے شاعر،شہزادنیاز نے
سترہویں صدی کی نامور جاپانی ہا ئیکو شاعرہ فُوکودا چیونی کی زندگی
اور اُن کے فنِ ہائیکو نگاری سے متعلق ایک مختصر مضمون اور اُن کی جاپانی
ہائیکو کا اُردو زبان میں منظوم ترجمہ حاضرین کی نذر کیا۔
جہاں ایک طرف
مشا عرے میں شریک کراچی کے ممتاز شعرائے کرام نے اپنی عمدہ ہائیکو سے
حاضرینِ مشاعرہ کو محظوظ کیا، وہیں قونصل خانہ جاپان، کراچی میں متعین ایک
نوجوان افسرعزت مآب کازونوری ماتسُودا [Kazunori Matsuda]نے بھی اردو
زبان میں اپنی ہائیکو پیش کرکے حاضرینِ مشاعرہ سے خوب داد سمیٹی۔