کوئٹہ میں موسم کی شدت بڑھ
گئی، زیارت منفی 2 ڈگری کیساتھ سرد ترین ریکارڈ ، محکمہ موسمیات کے مطابق
صوبے کے بیشتر اضلاع خصوصاً شمالی علاقوں میں سرد موسم کی شدت جاری رہے گی،
گہری دھند کے باعث مختلف موٹر ویز بند
بلوچستان
میں سردی کی شدت بڑھنے کے بعد بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے ،
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد
اور خشک رہے گا جبکہ مختلف مقامات پر گہری دھند کے باعث کئی موٹرویز بند
کردی گئی ہیں۔
محکمہ
موسمیات کے مطابق زیارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ صوبے کا سرد ترین
علاقہ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں درجہ حرارت 2
اور قلات میں 3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
علاوہ ازیں نوکنڈی میں درجہ حرارت 4 ، سبی میں 7 ، گوادر میں 11، جیونی میں 10 اور تربت میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا۔
ماہرین کے مطابق صوبے کے شمالی اضلاع میں سرد موسم کی شدت جاری رہے گی۔
کے
پی کے میں محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر اور سوات میں ہلکی بارش اور
پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے جبکہ چارسدہ، ڈی آئی خان، نوشہرہ، مردان
اور صوابی میں ہلکی دھند متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 7 اور زیادہ سے زیادہ 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ
موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دیر میں درجہ حرارت منفی 2،
مالم جبہ اور کالام میں منفی ایک اور چترال میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ
کیا گیا۔
موٹروے ایم ٹو لاہور سےخانقاہ ڈوگراں تک بند کردی گئی جبکہ دھند کی وجہ سے ملتان موٹروے فیض پور سے سمندری تک بند ہے۔
علاوہ
ازیں دھند کے باعث موٹروے ایم 3، رجانہ سے فیض پور تک بند کی گئی ہے ،
ترجمان موٹروے کا کہنا ہے کہ شہری دوران ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر اختیار
کریں ، دوسری جانب دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں آج لاہور کا دوسرا نمبر
ہے جبکہ کراچی چھٹے پر ہے۔