Feb 22, 2023 01:00 pm
views : 366
Location : Different Places
Islamabad- Aftab Sultan resigns as NAB chairman
چیئرمین نیب آفتاب
سلطان عہدے سے مستعفی ، آفتاب سلطان کا کہنا تھا کہ نیب کو ایمانداری سے
چلایا ہے، کسی کی مداخلت قبول نہیں کی ، وزیر اعظم شہباز شریف نے آفتاب
سلطان کا استعفیٰ منظور کرلیا
نیب کے چیئرمین آفتاب سلطان نے اپنے عہدے سے استعفا دے دیا ہے۔
نیب
ہیڈ کوارٹر میں الوداعی خطاب میں چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب افسران
سے کہتا ہوں کہ آئین کو مانیں اور اداروں کی بات نہ سنیں، نہ کچھ لے کر
آیا تھا اور نہ ہی کچھ لے کر جا رہا ہوں ، نیب کے 99 فیصد لوگ اچھے ہیں،
ایک فیصد میں مسئلہ ہے، نیب افسران غیر قانونی اور غیر آئینی احکامات نہ
مانیں۔
آفتاب سلطان کا کہنا ہے کہ ملک کے دو صوبوں میں آئین کے مطابق
انتخابات کرائے جائیں اور آنے والی نئی حکومتوں کو تسلیم کریں، نیب کو
ایمانداری سے چلایا ہے، کسی کی مداخلت قبول نہیں کی۔
میڈیا رپورٹ کے
مطابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان پر ایک ماہ سے شدید دباؤ تھا۔ آفتاب سلطان
کو 21 جولائی 2022ء کو چیئرمین نیب لگایا تیا تھا۔
آفتاب سلطان نے 25 جولائی 2022ء کو بطور چیئرمین نیب عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین نیب آفتاب سلطان کا ذاتی وجوہات کی بنا پر دیا گیا استعفا منظور کرلیا۔
وزیراعظم
نے آفتاب سلطان کی اپنے فرائض کی انجام دہی میں ایمان داری اور فرض شناسی
کی تعریف کی۔ وزیراعظم ہاؤس کے پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق
چیئرمین نیب آفتاب سلطان کے اصرار پر وزیراعظم نے ان کا استعفا منظور کیا۔
واضح
رہے کہ نیب قوانین میں ترامیم سے متعلق سپریم کورٹ میں کیس بھی زیر سماعت
ہے۔ علاوہ ازیں نئے نیب قانون کے مطابق کون سا کیس کہاں ارسال کرنا ہے،
آفتاب سلطان نے مختلف بیوروز میں نئے قانون کے مطابق ڈیوٹیز لگا رکھی تھیں۔
علاوہ
ازیں نیب ترمیمی ایکٹ چیلنج کرنے کی اسلام آباد ہائی کورٹ بار کی درخواست
پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا تھا کہ نیب ترامیم کے بعد عدالت میں
زیر سماعت تمام نیب کیسز لارجر بینچ سنے گا۔