پی ڈی ایم دھرنا: کارکنان
سپریم کورٹ کے سامنے موجود، قیادت بھی پہنچ گئی ، پی ڈی ایم کارکنان ریڈزون
میں داخل، سپریم کورٹ کے باہر پہنچ گئے ، مظاہرین نے شاہراہ دستور پر
اسٹیج لگالیا
حکومتی
اتحاد میں شامل جماعتوں کے کارکنان احتجاج اور دھرنے کے لیے وفاقی
دارالحکومت کے ریڈزون میں داخل ہوکر سپریم کورٹ کے باہر پہنچ گئے۔
ترجمان
اسلام آباد کیپٹل پولیس کی جانب سے پی ڈی ایم جماعتوں کے کارکنوں کے
ریڈزون میں داخلے کی تصدیق کردی گئی ہے۔ سپریم کورٹ کے گیٹ پر پہنچنے والے
کارکن نعرے بازی میں مصروف ہیں۔ پولیس نے مظاہرین سے پرامن رہنے کی اپیل
کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خدشات موجود ہیں، لہٰذا عوام سے گزارش ہے کہ
اجتماع والے مقامات سے دُور رہیں۔ ترجمان نے عوام سے تعاون کی درخواست بھی
کی ہے۔
پی ڈی ایم جماعتوں کے کارکن گیٹ پھلانگ کر ریڈزون میں داخل
ہوئے اور نعرے لگاتے ہوئے عدالت عظمیٰ کے باہر پہنچے، جہاں ایف سی اور
پولیس اہل کاروں نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔ پولیس حکام کی جانب سے مظاہرین
سے مذاکرات کی کوشش کی گئی۔
سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کے لیے آنے والے
کارکنوں کو روکنے کے لیے پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری پہلے ہی الرٹ
کردی گئی تھی جب کہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے شاہراہ دستور کو بھی عارضی طور
پر ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
دریں اثنا پی ڈی ایم میں شامل
جماعتوں کے احتجاجی مظاہرین نے شاہراہ دستور پر اسٹیج لگا لیا ہے، جہاں
کارکنوں کی بڑی تعداد نعرے بازی کررہی ہے۔
علاوہ ازیں مظاہرین نے سپریم
کورٹ ججز گیٹ کے سامنے اسٹیج لگا لیا جہاں سے احتجاج میں شریک جماعتوں کے
رہنما تقریر کررہے ہیں۔ احتجاج کے دوران مظاہرین کی جانب سے عمران خان کے
خلاف نعرے بازی کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ جے یو آئی (ف) اور حکومتی
اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے پوری قوم سے آج سپریم
کورٹ کے باہر پُرامن احتجاج میں شرکت کے لیے پہنچنے کی اپیل کی تھی۔ جس پر
پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی نے احتجاج میں بھرپور شرکت کا
اعلان کیا ہے، تاہم عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) احتجاج میں شرکت نہیں
کرے گی۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ احتجاج کے شرکا کے
لیے اب پنڈال میں خیمے لگانے اور واش رومز بنانے کا کام شروع کرنے کا فیصلہ
کیا گیا ہے۔