اسلام آباد ،تنازعات کو دبانے کے بجائے ان کے حل پر توجہ دینی چاہیے،اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد بہتر
مستقبل کے لیے دوسرے ممالک کا رخ کر رہی ہے، ہمیں نوجوانوں کو اپنے ملکوں
میں ہی بہترین موقع فراہم کرنا ہوں گے۔
اسلام آباد میں سارک ینگ پارلیمنٹیریز کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر
قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ سارک ممالک جمہوریت کی مضبوطی میں ایک
دوسرے کی مدد کریں ، یہ ممالک اچھے اور پرامن ہمسائیوں کی طرح ہیں ،
جمہوریت کے استحکام میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے ، خطے کے نوجوان ہمارے
مستقبل کا اثاثہ ہیں مگر ان کی بڑی تعداد بہتر مستقبل کے لیے دوسرے ممالک
کا رخ کر رہی ہے ، ہمیں نوجوانوں کو اپنے ملکوں میں ہی بہترین موقع فراہم
کرنا ہوں گے اور خطے میں معاشی استحکام کے لیے باہمی تجارت کو فروغ دینا ہو
گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا مز یدکہنا ہے کہ سارک ممالک میں کچھ
تنازعات اب بھی حل طلب ہیں ، ہمیں تنازعات کو دبانے کے بجائے ان کے حل پر
توجہ دینی چاہیے ، امن ، یکجہتی اور استحکام سے ہی ترقی کا ایجنڈا حاصل کیا
جا سکتا ہے۔ خطے میں غربت، دہشت گردی اور ناانصافی سے مل کر ہی نمٹا جا
سکتا ہے۔
دو روزہ کانفرنس میں افغانستان ، بھوٹان، بھارت، مالدیپ ، نیپال اور سری لنکا کے ینگ پارلیمنٹیرینز شریک ہیں۔