اسلام آباد ، پاکستان نے عالمی منڈی میں ایک ارب ڈالر کے سکوک بانڈز جاری کردیئے
اسلام آباد میں سکوک بانڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے وفاقی وزیر
خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایک ارب ڈالر کے سکوک بانڈ 5
سال کے لیے 5.5 فیصد سالانہ شرح سود پر فروخت کردیئے ہیں جب کہ بانڈز کی
خریداری کے لیے 2.4 ارب ڈالر کی پیشکشیں موصول ہوئیں، آئی ایم ایف کا
ریفارم ایجنڈا مکمل کیا جس کے باعث گزشتہ ماہ آئی ایم ایف کا پروگرام ختم
ہو چکا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ملکی حالات کے باعث سکوک بانڈز
کی تقریب تاخیر کا شکار ہوئی تاہم بانڈز کی کم قیمت رکھنے کافیصلہ سفارشات
کے برعکس ملکی مفاد میں کیا جب کہ سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں
غیر معمولی دلچسپی لے رہے ہیں اور گزشتہ تین سال سے تمام معاشی اہداف حاصل
کیے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ کسی نے بھی پاکستان سے پنجہ آزمائی
کی تو اس کو بڑا سخت جواب ملے گا، اگر کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے
دیکھے گا تو اس کی آنکھیں نکال دیں گے، ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت میں
پوری سیاسی اور عسکری قیادت متحد ہے۔ خطے سے غربت کے خاتمے کے لیے پرعزم
ہیں اور غربت میں کمی کے حوالے سے کل بھی وزیرا عظم نے کہا کہ ہم اس مقابلے
کے لیے تیار ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ آئندہ دس سال میں ملکی شرح نمو5.7
برقرار رکھی جائے گی اور رواں سال ترقی کی شرح 5 فیصد سے بڑھائیں گے کیونکہ
پاکستان کو عالمی مارکیٹ میں زندہ رکھنا انتہائی ضروری ہے۔