Oct 11, 2016 03:27 pm
views : 927
Location : Different Areas
Karachi- 9th Muharram Procession, Security arrangements
کراچی ، شہدائے کربلا کی قربانی کی یاد میں شہر شہر محرم کے جلوس اورمجالس
شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں شہر شہر گلی گلی نویں محرم الحرام
کے جلوس نکالے جا رہے ہیں ، جلوس میں علم اٹھائے عزاداروں کی بڑی تعداد
شریک ہے۔ جگہ جگہ سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
کراچی میں نویں محرم کاماتمی جلوس نشتر پارک سے دوپہر ایک بجے برآمد ہوا
جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں میں اختتام پذیر
ہوگا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات ہیں۔
جلوس کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی
سڑکیں بھی کنٹینز لگا کر سیل کر دی گئی ہیں جب کہ جلوس کی گزر گاہوں پر
دکانیں اور مارکیٹیں بھی بند رہیں گی، جلوس کی نگرانی کے لئے پولیس کے 6
ہزار اہلکار اور رینجرز کے 2 ہزار جوان تعینات کئے گئے ہیں جب کہ بلند
عمارتوں پر ماہر نشانے باز بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ جلوس کے دونوں راستوں
پر اسکینرز نصب کئے گئے ہیں، مرکزی جلوس میں شریک ہونے والے زائرین کو
چیکنگ کے بعد شرکت کی اجازت دی جارہی ہے جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سراغ
رساں کتوں کی مدد سے جلوس کے راستوں کی اسکیننگ بھی کرائی گئی ہے۔
حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کراچی اور لاہور میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری
پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے جب کہ اسلام آباد اور روالپنڈی میں دفعہ
144 نافذ ہے جس کے تحت موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل
پابندی ہو گی۔