Oct 14, 2016 03:12 pm
views : 825
Location : Ministry of Foreign Affairs Office
Islamabad- Foreign Office's Weekly Briefing
اسلام آباد، بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے ہرممکن ہتھکنڈے آزما رہا ہے، ترجمان دفترخارجہ
دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر
خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہا ہے
اور 3 ماہ سے مسلمانوں کو نماز جمعہ بھی ادا کرنے نہیں دی جارہی، نہتے عوام
پر چھرا بندوقوں کا استعمال مسلسل جاری ہے۔ دوسری جانب بھارت اوچھے
ہتھکنڈوں کا سہارا لے کر عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانے کی
ناکام کوشش کرنے میں مصروف ہے، کبھی میڈیا مہم چلائی جاتی ہے ، کبھی سرحد
پر کشیدگی بڑھا دی جاتی ہے تو کبھی سرجیکل اسٹرائیک کے جھوٹے دعوے کئے جاتے
ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریاکا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ان ہتھکنڈوں
کو کامیاب نہیں ہونے دے گا پاکستان نے پوری دنیا سمیت مقبوضہ کشمیر میں
ہونے والے مظالم کو اجاگر کیا، یورپ اور شمالی امریکا میں ہونے والے مظالم
پر بھی آواز بلند کی اور مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بین الاقوامی برادری کو
مداخلت کا کہا اور کہتے رہیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق
کی خلاف ورزیوں پر پاکستانی ہائی کمشنر نے برطانوی حکومت کو ڈوزیئرجمع
کرایا، حکومت پاکستان نے اپنے نمائندے بھیجے ، جنہوں نے جنرل اسمبلی کے صدر
سے ملاقات میں مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کوعالمی سطح پراجاگرکیا اور
ان خصوصی نمائندوں کے دورے کامیاب بھی رہے ، ترکی نے کشمیر پر پاکستانی
مؤقف کی حمایت کی۔ سرجیکل اسٹرائیک بھارت کے جھوٹوں میں سے ایک اور جھوٹ ہے
اور یہ ڈرامہ خود بھارتی میڈیا نے بے نقاب کردیا ہے۔ اب عالمی برادری کو
چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں
کا نوٹس لے اور بھارت پر دباؤ ڈالے کہ کشمیری عوام کو ان کی امنگوں اور
اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حق خود ارادیت کا حق دیا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا مزیدکہنا تھا کہ اب بھارت پاکستان کی
سفارتی کوششوں کی وجہ سے گھبرایا ہوا ہے، مقبوضہ کشمیر میں مظالم میں تیزی
اور شدت، جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی، ہمسایہ ممالک کے اندرونی معاملات
میں مداخلت اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق مشن کو مقبوضہ کشمیر میں جانے
سے روکنا بھارت کی گھبراہٹ اور پریشانی کا منہ بولتا ثبوت اور مظہر ہے۔
موجودہ حالات میں میڈیا کا کردار قابل تعریف ہے، پاکستانی میڈیا نے بھارتی
میڈیا کے جھوٹ کو آشکار کیا اور منہ توڑ جواب دیا ، سرل المیڈا کی خبر
مفروضات پر مبنی ہے۔