رحیم یارخان،دو مسافر بسوں میں خونی تصادم،27 افراد جاں بحق،60 سے زائد زخمی
رحیم یارخان میں واقع خان پورروڈ میں دومسافروں بسوں کے درمیان خوفناک
ٹریفک حادثہ ہوا ہے ، جس کے نتیجے میں ستائیس افراد جاں بحق جبکہ پچاس سے
زائد زخمی ہوگئے ہیں۔حادثے میں 60 سے زائد زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں
طبی امدادی جارہی ہے، جن میں بعض کی حالت نازک ہے۔
رحیم یارخان کے علاقہ خانپور روڈ پرافسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں کراچی سے
بہاولپورجانیوالی اور فیصل آباد سے صادق آباد آنیوالی مسافر کوچز تیزرفتاری
کے باعث ڈرائیوروں سے بے قابوہوکرآپس میں ٹکراگئیں۔زخمیوں اور لاشوں کو
شیخ زید اسپتال رحیم یارخان ، ٹی ایچ کیو خان پور اور سیجہ ہیلتھ سینٹر
منتقل کیاگیاہے۔ تینوں اسپتال میں ایمرجنسی نافذ ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں میں15افرادکی حالت نازک ہے ۔ حادثے کے مقام پر
امدادی کارروائیاں مکمل کرلی گئی ہیں، پولیس نے ابتدائی رپورٹ درج کرکے
قانونی کارروائی بھی شروع کردی۔مرنے والوں میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد
بھی شامل ہیں جن کا تعلق بہاول پور کے علاقہ احمد پور شرقیہ سے بتایا جاتا
ہے۔ ساتوں افراد محنت مزدوری کیلئے کراچی میں مقیم تھے جو چھٹیاں لیکر گھر
والوں سے ملنے اپنے گاؤں جارہے تھے۔
دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے خانپور کے قریب ٹریفک حادثے
میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ،انہوں نے
جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کی۔وزیر اعلیٰ نے
حادثے کے بارے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے،ا نہوں ہدایت کی ہے کہ
افسوسناک حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج و معالجہ کی بہترین طبی
سہولتیں فراہم کی جائیں۔