رحیم یار خان،وزیر اعظم نے پنجاب میں ہیلتھ کارڈ پروگرام کا آغاز کر دیا
رحیم یارخان میں صحت پروگرام کے اجراء کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا
کہنا تھا کہ قرض چکانے کے لیے غریب اپنے گھر تک بیچ دیتے ہیں، غریب قرض
لیتے ہیں اور قرض چکانے کی سکت نہیں رکھتے لہذا جو لوگ اپنا علاج خود کرانے
کے وسائل نہیں رکھتے یہ پروگرام ان کیلئے ہے۔ ہمیں اس مسئلے کا احساس اور
ادراک ہے اور پچھلے دور حکومت میں گردوں کے علاج کا پروگرام دیا تھا لیکن
کاش کے نئے آنے والوں نے ایسے پروگرامز کو جاری رکھا ہوتا۔ اقتدارآنی جانی
چیز ہے لہذا عوام کاخیال رکھناچاہیے یہ عوام کی امانت ہے اس میں خیانت نہیں
کرنی چاہیے لیکن فائدے کے لیے اقتدارمیں آنے والے اپنی عاقبت خراب کررہے
ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ماضی میں بہت سی روایت دیکھی ہیں کہ
غریبوں پر پیسہ خرچ نہیں کیا جاتا، کئی لوگ اپنی جائیداد بیچ دیتے ہیں اور
پھر بھی علاج کی سہولیات انہیں میسر نہیں ہوتی جب کہ پاکستان میں ایسے بھی
لوگ ہیں جن کے پاس اسپتال سے گھر جانے کے پیسے نہیں ہوتے تاہم اب حکومت 50
نئے اسپتال بنا رہی ہے جہاں غریب کو علاج کے لیے اپنی جیب سے پیسہ نہیں خرچ
کرنا پڑے گا، غریب لوگوں کے علاج کے لیے جتنا پیسہ لگانا پڑا لگاؤں گا۔
وزیراعظم نواز شریف نے مزیدکہا کہ موٹروے مسلم لیگ(ن) نے ہی بنائی، کسی
اورپارٹی سے کیوں نہیں پوچھا جاتا انہوں نے موٹروے کیوں نہیں بنائی اورہم
اسے اب لاہور سے کراچی تک بنارہے جب بلوچستان میں بھی اقتصادی انقلاب برپا
ہورہا ہے،ہماری حکومت نے ہی ریلوے کو اپ گریڈ کیا جب کہ پی آئی اے کو بھی
اس کے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، کراچی کے حالات
بھی ہماری حکومت نے ٹھیک کئے اورہم نے ہی دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ
کی جب کہ بہت جلد قوم کو اس ناسور سے نجات مل جائے گی ،دہشت گردی کے خلاف
جنگ میں فوج اورپولیس کے جوانوں اورافسروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش
کیا۔ جب مسلم لیگ(ن) کی حکومت آئی تو لوڈ شیڈنگ کا کیا حال تھا لیکن 2018
لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا سال ہے جب کہ لوگوں کو بجلی سستی بھی ملے گی، آج ملک
بھر میں پیٹرول اورڈیزل کی قیمتیں کم ہیں جب کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا
شمار دنیا کی 5 بہترین مارکیٹوں میں ہوتا ہے۔