Nov 03, 2016 05:19 pm
views : 1085
Location : Jinnah Hospital
Karachi- Train Accident, 17 Killed, Injured People shifted Jinnah Hospital
کراچی ،جمعہ گوٹھ کے قریب دو ٹرینوں کو حادثہ، 17 افراد جاں بحق، زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا
کراچی کے علاقے جمعہ گوٹھ میں 2 ٹرینیں آپس میں ٹکرانے سے کم از کم 17
افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فرید
ایکسپریس جمعہ گوٹھ کے ریلوے اسٹیشن پر کھڑی تھی کہ ملتان سے آنے والی
زکریا ایکسپریس نے پیچھے سے ٹکر ماری۔
ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو جناح
اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں فرید ایکسپریس
کا گارڈ محمد حسین بھی شامل ہے جب کہ ڈرائیور محمد رفیق کو زخمی حالت میں
اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
جناح اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی نے ٹرین حادثے
میں جاں بحق ہونے والے 15 افراد کی لاشوں اور 40 زخمیوں کو جے پی ایم سی
لانے کی تصدیق کی ہے جب کہ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک لاش کو مردہ
خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ اسپتال میں
ایمرجنسی نافذ کر کے زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے جب کہ ذرائع جناح
اسپتال کا کہنا ہے کہ 30 کے قریب زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث
ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، گورنر
سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ
بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اور پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے حادثے
پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ورثاء سے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعطم نواز شریف نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کی ہر طرح سے تحقیقات کی جائے اور غفلت کے مرتکب
افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بھی
ٹرین حادثے پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سے
مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ٹرین حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار
کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں دل رنج و الم میں ڈوب گیا ہے، ٹریفک حادثے میں
جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے 15 لاکھ روپے فی کس جب کہ زخمیوں کے لئے
ساڑھے 3 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔