لاہور،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کااجلاس
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف لاہور میں ٹریفک کی ابتر صورتحال پر برہم ہوگئے۔
کہتے ہیں کہ لاہورسمیت بڑے شہروں میں سڑکوں کو کشادہ کیاگیا، فلائی اوورز
اور انڈرپاسز بنائے گئے ہیں، پھر بھی شہریوں کو ٹریفک کی وجہ سے گھنٹوں
انتظارکیوں کرنا پڑتا ہے؟لاہورمیں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیرصدارت
اعلیٰ سطح کااجلاس ہوا، جس میں پنجاب کے بڑے شہروں میں ٹریفک نظام کو بہتر
بنانے کیلئے اصلاحات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے
ٹریفک نظام کی ابترصورتحال، ٹریفک مینجمنٹ اورانجینئرنگ کو بہتر بنانے کے
حوالے سے اقدامات نہ کرنے پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی
کشادگی اور بہتری کے باوجود ٹریفک کو رواں دواں نہ رکھنا انتہائی افسوسناک
امر ہے۔ عام آدمی کو ٹریفک جام کے باعث جو پریشانی ہوتی ہے اس کااندازہ
نہیں کیا جاسکتا۔ عوام کوٹریفک کی ابتر صورتحال کے باعث گھنٹوں انتظار کی
کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ ٹریفک
نظام کو بہتر بنانے کیلئے ٹیکنالوجی، مینجمنٹ اور جدت کے ساتھ اقدامات کرنا
ہوں گے، پنجاب حکومت کے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں۔ متعلقہ اداروں کو
خواب غفلت سے جاگنا ہوگا اور عوام کی سہولت کیلئے ٹریفک نظام کو بہتر بنانا
ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے روٹری پارکنگ کیلئے بروقت مشینیں نہ منگوانے پر
بھی شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسوس ہے کہ کئی ماہ گزرنے کے
باوجود روٹری پارکنگ کی مشینیں نہیں منگوائی گئیں، متعلقہ محکموں کی اس ضمن
میں کوئی مانیٹرنگ نہ کرنا بھی انتہائی قابل افسوس ہے۔