خانپور، 12 سال گزرنے کے باوجود سیم نالے کے منصوبے کی تکمیل نہ ہونے پر چولستان کے مکینوں کا انوکھا احتجاج
خان پور اور لیاقت پور کے چولستانی علاقے میں رہنے والے افراد نے حکومت کے
خلاف انوکھا احتجاج کیا ہے۔ اس احتجاج کے دوران علاقائی افراد نے ایک گدھے
پر اسٹیکر لگا کر اسے حکومت وقت قرار دیتے ہوئے اس کے سامنے اٹھک بیٹھک
شروع کی۔
احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ سیم اور تھور کو ختم کر کے زمینوں کا بنجر
پن ختم کرنے کیلئے شروع کیا جانے والا سیم نالہ کا منصوبہ 12سال گزرنے کے
باوجود بھی مکمل نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے ایک طرف تو زمینیں بنجر ہو رہی
ہیں جبکہ دوسری طرف آبادز مینیں بھی دوبارہ سیم اور تھور کا شکار ہورہی
ہیں۔
اس سلسلے میں اہل علاقہ نے پاکستان تحریک انصاف حلقہ این اے 193 کے رہنما
راجہ محمد سلیم ،اکرام خان ،حاجی اسلم خان ،وحید ارشد ،اکبر خان ،امان اللہ
خان ،عظیم اشرف چیمہ کی قیادت میں احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ چک 138،139،
140، 141، 142،143سمیت دیگر درجنوں چکوک سیم و تھور کا شکار ہیں جس کی وجہ
سے یہاں کی زمینیں بنجر ہو رہی ہیں ان چکوک میں سیم کے خاتمے کیلئے 12 سال
پہلے اس وقت کے وزیر اعلیٰ نے سیم نالہ کی تعمیر کا منصوبہ شروع کروایا تھا
مگر ہرآنے والی حکومت نے اپنے مفادات کی خاطر سیم نالہ کو زگ زیگ کی شکل
دے دی اور اپنے من چاہے علاقوں سے اس سیم نالہ کو گزار کر لے گئے جس کے
نتیجے میں آج تک یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکا اور آج بھی یہ
علاقے سیم زدہ ہیں۔