لاہور، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدار ت ہیلتھ کئیر سسٹم کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس
لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا
اجلاس ہوا۔اجلاس میں صوبے میں عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی
فراہمی کیلئے اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ
بھی لیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صوبے کے ہیلتھ
کئیر سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اصلاحاتی پروگرام پر تیز
رفتاری سے عملدرآمد کرنا ہوگا۔علاج معالجے کی معیاری سہولتیں مریضوں کا حق
ہے۔حکومت پنجاب عوام کو معیاری طبی سہولتو ں کی فراہمی کے جامع پروگرام پر
عمل پیرا ہے۔ پنجاب حکومت ہیلتھ کئیر سسٹم میں جدت اور انفرادیت کے ذریعے
اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کرتے ہوئے حق مریضوں کو دے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اب باتوں سے کام نہیں چلے
گا، ہیلتھ کئیر سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے فوری طو رپر عملی اقدامات کرنا
ہوں گے۔میں خود ذاتی طور پر ہیلتھ کئیر سسٹم کو بہتر بنانے کے حوالے سے
اصلاحاتی پروگرام کی نگرانی کروں گا۔پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کی بہتری
کیلئے قائم سٹیئرنگ کمیٹی کی خود صدارت کروں گا۔ سٹیئرنگ کمیٹی کا ہر ہفتے
باقاعدگی سے اجلاس ہو گا اس کے علاوہ ترکی کے ہیلتھ کئیر سسٹم سے بھرپور
استفادہ کرکے مریضوں کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کریں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے موٹر بائیکس ایمبولینس سروس کے اجراء
کی منظوری بھی دی۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو معیاری طبی سہولتوں کی
فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اصلاحاتی پروگرام آگے بڑھانا ہے۔ ترکی کی
وزارت صحت کے ماہرین کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔نرسوں کی تربیت کے
حوالے سے ترک وزارت صحت کی جانب سے تعاون خوش آئند ہے۔ ترک وزارت صحت کے
ماہرین نہ صرف پنجاب میں نرسوں کو تربیت دیں گے بلکہ نرسوں کو تربیت کیلئے
ترکی بھی بھیجا جائے گا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی ترکی کے دورے کے دوران ترک وزارت صحت کے حکام سے
ہیلتھ کئیر سسٹم کو بہتر بنانے کے حوالے سے تعاون کے امکانات کے بارے میں
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شر یف کو بریفنگ بھی دی گئی۔
پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر، ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز، چیف
سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ
محکموں کے سیکرٹری صاحبان، طبی ماہرین اور حال ہی ترکی کا دورہ کرنے والے
وفد کے اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔