گوجرانوالہ، اے ٹی سی نے تین مبینہ دہشت گردوں کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا
گذشتہ روز کاؤنٹر آف ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے ایمن آباد میں کاروائی کرتے ہوئے
تین مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کیا تھا، جنھیں آج انسداد دہشتگردی کی
خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا ،عدالت میں سی ٹی ڈی نے موقف اختیار کیا کہ
تینوں ملزمان علی رضا،عاطف اور جواد کے قبضہ سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز
مواد ،ڈیٹونیٹر، فیوز اور کالعدم تنظیم داعش کے نفرت انگیز لٹریچر برآمد
ہوئے ہیں اور تینوں ملزمان مزارات پر حملہ کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، اس
لئے ملزمان سے مزید تفتیش کیلئے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جس
پر فاضل جج نے تینوں ملزمان کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے
حوالے کر دیا ہے۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔