پشاور، عمران خان نہ تو مستعفی ہورہے ہیں اور نہ ہی پارلیمنٹ جاکرعوام کی نمائندگی کررہے ہیں، امیر مقام
وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام کا کہنا ہے کہ عمران خان نہ تو مستعفی ہورہے
ہیں اور نہ ہی پارلیمنٹ جاکرعوام کی نمائندگی کررہے ہیں اور اب عمران خان
نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کا اعلان بھی کردیا ہے، پتہ نہیں
ان کا ایجنڈاکیاہے،معلوم نہیں عمران خان کس کوخوش کرنے کیلئے یہ سب کچھ
کررہے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنمااور وزیراعظم کے مشیر امیر مقام نے پشاور پریس کلب میں
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا کہ خیبرپختونخواکی عوام ترک صدر کو
پاکستان آمد پرخوش آمدید کہتی ہے۔ طیب اردوان کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس
سے خطاب ایک تاریخی موقع ہے۔ یہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دوستی اور
برادرانہ تعلقات کی روشن مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پہلے126دن کادھرنادیاجس سے چائنا کے
صدرکادورہ پاکستان متاثرہوا اوراب انہوں نے مشترکہ اجلاس سے بائیکاٹ
کااعلان کردیا۔ امیر مقام کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان ڈبل گیم کھیل
رہے ہیں۔ معلوم نہیں وہ کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔
امیر مقام کا کہنا تھا کہ عمران خان خیبرپختونخوا کے مینڈیٹ کوغلط استعمال
کررہے ہیں وہ نہ تو مستعفی ہورہے ہیں اور نہ ہی پارلیمنٹ جاکرعوام کی
نمائندگی کررہے ہیں،شرم کی بات ہے پارلیمنٹ نہ جانے کے باوجود پی ٹی آئی کے
ارکان قومی اسمبلی سے تنخواہیں لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان مستعفی ہوجائیں عوام اپنے لئے نمائندے منتخب کریں گے۔