کراچی،پاکستان اسلحے کی دوڑ کے خلاف ہے،وزیر اعظم
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں اسلحے کی دوڑ کے خلاف ہے تاہم ہمارے دفاعی آلات امن کے فروغ کیلئے ہیں۔
کراچی میں جاری دفاعی نمائش آئیڈیاز کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے
ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آئیڈیاز 2016 کا افتتاح کرنے پر
اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں اور نمائش میں شرکت پر خوشی ہے، پاکستان میں
دفاعی صنعت تیزی سے ترقی کے مراحل عبور کررہی ہے، ملک میں سرمایہ کاری کے
منافع بخش مواقع موجود ہیں اور شرح سود بھی ملکی تاریخ کی کم ترین سطح پر
ہے جبکہ رواں سال جی ڈی پی 5 سے زیادہ متوقع ہے۔
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا تذکرہ بین
الاقوامی سطح پر کیا جارہا ہے جس کے باعث اسٹینڈرڈ اینڈ پورز سمیت موڈیز نے
پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہترکی ہے، حکومت مستحکم اور مضبوط معیشت کیلئے
پرعزم ہے اور ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کوخوش آمدید کہیں گے۔ملک میں
توانائی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے کئی منصوبوں پر کام ہورہا ہے اور صنعتوں
میں لوڈشیڈنگ بھی ختم کردی گئی ہے تاہم 2018 تک توانائی کے بحران پر قابو
پالیں گے جبکہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی ہوئی ہے۔
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر آئیڈیاز نے اپنا مقام حاصل
کیا، 2 ہزار سے زائد آلات حرب دفاعی نمائش میں رکھے گئے ہیں تاہم پاکستان
خطے میں اسلحے کی دوڑ کے خلاف ہے اور ہمارے دفاعی آلات امن کے فروغ کیلئے
ہیں، پاکستان کی دفاعی مصنوعات جدید ترین ہیں اور ان کا مقابلہ بین
الاقوامی سطح پر کیا جاسکتا ہے۔
دفاعی نمائش کے افتتاح کے بعد وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل
شریف سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت وزیر دفاع اور وفاقی وزیر
دفاعی پیداوار نے نمائش میں موجود دفاعی سازو سامان سمیت غیر ممالک کے
اسٹالز کا معائنہ کیا۔