اسلام آباد ، پاکستان میں دہشت گردی میں بھارت براہ راست ملوث ہے، مشیر خارجہ سرتاج عزیز
مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ بھارت سی پیک پر اثرانداز ہورہا ہے اور پاکستان میں دہشت گردی میں بھی براہ راست ملوث ہے۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا جنوبی ایشیا میں امن اور تعاون بارے کانفرنس سے
خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خطے کی آبادی میں مسلسل اضافہ وسائل کی کمی کا
باعث بن رہا ہے جبکہ جنوبی ایشیائی ریاستوں کے باہمی تنازعات کے باعث برے
اثرات مرتب ہورہے ہیں اور ان تنازعات کے حل کے بغیر خطے میں امن و ترقی
ممکن نہیں۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ سارک کانفرنس ایک ملک کے غیرذمہ
دارانہ رویئے کے باعث نہ ہوسکی، بھارت ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی
مسلسل خلاف ورزی سمیت سرحد پر بھاری ہتھیاروں کا استعمال بھی کر رہا ہے
جبکہ بھارت سی پیک پر اثرانداز ہورہا ہے اور پاکستان میں دہشت گردی میں بھی
براہ راست ملوث ہے۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ خطے میں اسلحے کی دوڑ دیگر ممالک کیلئے
خطرات کا باعث ہے لیکن اسٹریٹیجک استحکام کیلئے پاکستان کو کم از کم دفاعی
ضروریات پوری کرنا پڑتی ہیں، بھارت کی جانب سے طاقت کا استعمال تعلقات میں
بگاڑ کا سبب ہے اور بھارت نے خطے میں امن و تعاون کی کوششوں کو بھی نقصان
پہنچایا جبکہ عالمی برادری این ایس جی کے حوالے سے بلا تفریق پالیسی اپنائے
کیونکہ بھارت کی نیوکلیئر سپلائر گروپ میں شمولیت سے طاقت کا توازن متاثر
ہوگا۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے مابین پرامن
تعلقات میں مسئلہ ہے جبکہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر
رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا حق دینے کو تیار نہیں۔