کراچی ، وزیراعظم نواز شریف نے بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کا افتتاح کردیا
کراچی کے ایکسپو سینٹر میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کا باقاعدہ افتتاح
وزیراعظم نواز شریف نے کیا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت تینوں
مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی، وزیر دفاع،
وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سمیت دیگر وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔
دفاعی نمائش 4 روز تک جاری رہے گی جس میں 43 ممالک کے 90 وفود شرکت کررہے
ہیں اور ان میں سے 30 مندوبین اعلیٰ سطح کے ہیں جن کی سربراہی ان ملکوں کے
وزیر دفاع، ڈیفنس سیکریٹریز، چیف ڈیفنس اسٹاف یا حاضر چیف کررہے ہیں،
مجموعی طور پر 261 غیرملکی اور 157 پاکستانی کمپنیاں شریک ہیں جبکہ 34
ممالک کی 418 کمپنیاں نمائش میں اپنی مصنوعات پیش کررہی ہیں۔
دوسری جانب دفاعی نمائش کا سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے جس کے مطابق 2
ایس پیز، 4 ڈی ایس پیز سمیت 2 ہزار پولیس اہلکار سیکیورٹی پر تعینات ہیں،
سوک سینٹر کے اطراف سڑکیں ٹریفک کے لئے بند کردی گئی ہیں جب کہ شہریوں کو
متبادل راستے اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق
یونیورسٹی روڈ کو ٹریفک کیلئے بند نہیں کیا گیا ہے۔