لاہور ، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس
لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا
اجلاس ہوا۔اجلاس میں ملت پارک میں ڈکیتی مزاحمت پر 5 افراد کے قتل، گارڈن
ٹاؤن میں ٹریفک سگنل پر گاڑی میں دن دیہاڑے ڈکیتی اور لوئرمال میں ڈکیتی کی
ناکام کوشش کے کیسوں کے بارے میں ابتدائی رپورٹ پیش کی۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، سیکرٹری داخلہ، سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی
جی سپیشل برانچ، ڈی آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور ایس ایس پی
انویسٹی گیشن نے اجلاس میں شرکت کی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز
شریف نے ملت پارک میں 5 افراد کے قتل اور گارڈن ٹاؤن میں دن دیہاڑے ڈکیتی
میں ملوث ملزمان کو 72 گھنٹے میں گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شر یف کا کہناتھا کہ پولیس ان واقعات میں ملوث
ملزمان کی گرفتاری کو ہر قیمت پر یقینی بنائے۔لاہور جیسے شہر میں اس طرح
کے افسوسناک واقعات پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔میں صوبے کے عوام
کے جان و مال کے تحفظ کا ذمہ دار ہوں۔عوام کے جان و مال کے لئے میں آخری
حد تک جاؤں گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شر یف کا کہناتھا کہ ایسے واقعات کے رونما
ہونے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ان واقعات میں ملوث ملزمان کڑی سے کڑی سزا سے
نہیں بچ پائیں گے۔پولیس کو اربوں روپے کے وسائل، جدید آلات اور تربیت کے
باوجود ایسے واقعات کا ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔ آئندہ ایسے واقعات کسی
صورت برداشت نہیں کروں گا۔پولیس کو سٹریٹ کرائمز کو سدباب کیلئے فعال،
متحرک اور موثر انداز میں فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔پولیس کو عوام کی
توقعات پر پورا اترنا ہوگا۔