کراچی ، دفاعی نمائش آئیڈیاز2016 کا چوتھا اورآخری روز
کراچی ایکسپوسینٹرمیں جاری نویں بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کا
چوتھا اور آخری روز ہے، آج عام عوام کو بھی دفاعی نمائش دیکھنے کی اجازت
ہے جس کے باعث پاکستانی اور بین االاقوامی کمپنیوں کا تیارکردہ سامان حرب
دیکھنے کے لئے ایکسپوسینٹر کے باہر شوقین افراد کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
ہتھیاربرائے امن کے نام سے جاری نمائش میں پاکستان کے ترکی، فرانس،
یوکرائن، چیک ری پبلک، پولینڈ، بیلجیئم اورآذربائیجان سے معاہدے طے پائے
ہیں، نمائش میں 3 روز کے دوران مجموعی طور پر 15 معاہدوں اور مفاہمت کی یاد
داشتوں پر دستخط کئے گئے۔
دفاعی نمائش میں 90 دفاعی وفود دنیا بھر کے 43 ملکوں کی نمائندگی کررہے
ہیں۔ نمائش میں 157 پاکستانی اور 261 غیر ملکی کمپنیوں سمیت مجموعی طور پر
418 کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کررہی ہیں جب کہ پاکستان کا الخالد ٹینک، جے
ایف 17 تھنڈر، سپر مشاق، میزائل بوٹس، بکتر بند گاڑیاں اور دیگر ملٹری آلات
عوام کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ ایسے مواقع بہت کم ملتے ہیں کہ دفاعی سازو سامان
کواس اندازمیں دیکھ سکیں اس لیے ہم بہت زیادہ پرجوش ہیں کیونکہ ہم نہ صرف
ملکی بلکہ غیرملکی اسٹالز پربھی جا کردفاعی سازو سامان کو دیکھ سکیں گے۔