پشاور، خواجہ سراؤں کا سعودی عرب میں داخلے پر پابندی کے فیصلے کو عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ
خیبر پختونخوا ٹرانس ایکشن ایسوسی ایشن نے سعودی حکومت کا خواجہ سراؤں کے
سعودی عرب میں داخلے پر پابندی کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے معاملے کو
عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔خیبرپختونخواہ ٹرانس ایکشن ایسوسی
ایشن نے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعودی عرب میں داخلے
اور عمرے پر پابندی کے فیصلے کو اسلامی روایات سے متصادم قرار دیتے ہوئے
کہا ہے کہ سعودی حکومت کو اس بات کا حق نہیں ہے کہ کسی انسان کے جنس کا
تعین کر کے اپنے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کرے۔
اس موقع پر خواجہ سراؤں کی حقوق کے لئے سرگرم سماجی کارکن قمر نسیم نے کہا
کہ خواجہ سراؤں کے عمرے پر پابندی لگائی گئی تو معاملے کو عالمی سطح پر
اٹھائیں گے۔
خواجہ سراؤں نے مزید کہا کہ معاشرے میں پہلے ہی سے انہیں حقارت کی نگاہ سے
دیکھا جاتا ہے، اب سعودی عرب نے خدا کے گھر میں داخلے پر پابندی لگا کر
کلمہ پڑھنے والے خواجہ سراؤں کے ساتھ مذاق کیا ہے۔