کراچی،شہر کے امن کو مضبوط کرنے کیلئے آپریشن جاری رہنا چاہیے، ڈی جی رینجرز
ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلا ل اکبر کا کہنا ہے کہ کراچی میں دہشت گردوں،
ٹارگٹ کلرز، اغوا کاروں اور بھتہ خوروں کے خلاف آپریشن کر کے امن قائم کیا
گیا۔ جرائم پیشہ افراد کو معاشرہ کا کارآمد حصہ بنانے کے لئے رینجرز کے تحت
اصلاحی مرکز قائم کیا جا رہا ہے۔
شہر قائد کے مقامی ہوٹل میں اسکل ڈیویلپمنٹ کمپیٹیشن کی تقریب سے خطاب کرتے
ہوئے ڈی جی رینجرز مجیر جنرل بلا ل اکبر کا کہنا تھا کہ شہر میں 3سال کے
دوران دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرز، اغوا کاروں اور بھتہ خوروں کے خلاف آپریشن
کر کے امن قائم کیا گیا۔ کراچی کے امن کو مضبوط کرنے کے لئے آپریشن جاری
رہنا چاہئے۔
سندھ رینجرز کراچی میں ا سکل ڈیویلپمنٹ کے لئے بڑا ادارہ قائم کر رہی ہے۔
ایف بی انڈسٹریل ایریا کمیونٹی کی جانب سے حکومت کے تعاون سے اسکل
ڈیویلپمنٹ کے تحت ہزاروں طلباء وطالبات کو تربیت دی گئی۔ دہشت گردی سے
متاثرہ خاندانوں کو لیگل سپورٹ اور میڈیکل سہولت دی جائے گی۔ دہشت گردی میں
جاں بحق افراد کے بچوں کو تعلیم بھی دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ رینجرز کے تحت اصلاحی مرکز بھی قائم کیا جا رہا ہے۔
اصلاحی مرکز میں جرائم پیشہ افراد کو معاشرہ کا حصہ بنانے کے اقدامات کئے
جائیں گے۔ کراچی میں امن قائم ہوگا تو ملک کا امیج بہتر ہوگا۔ کراچی کو اس
کی اصل پوزیشن پر لائیں گے جس میں یوتھ کا کردار اہم ہے۔