لاہور، وزیر اعلیٰ پنجاب سے مولانا فضل الرحمن کی ملاقات
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ اور
کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس
میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ملکی معاملات اور مقبوضہ
کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر بھارتی افواج کے بدترین مظالم کی شدید مذمت کی گئی۔
وزیراعلیٰ شہبازشریف اور مولانا فضل الرحمن نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی
افواج کی اشتعال انگیزیوں کی بھی شدید مذمت کی جبکہ دونوں رہنماؤں نے
کشمیری عوام اور شہداء کے لواحقین سے مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معصوم کشمیری عوام پر بھارتی افواج
کے مظالم حد سے بڑھ چکے ہیں۔اقوام عالم کے ضمیر کو کشمیری عوام کے حق خود
ارادیت کا ساتھ دینے کیلئے جاگنا ہوگا۔پاکستان کشمیری بہن بھائیوں کی ہر
ممکن حمایت جاری رکھے گا۔کشمیر برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے۔تنازعہ کشمیر کا
حل خطے میں پائیدار امن کیلئے ضروری ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنے
والے غلط فہمی کا شکار ہیں۔پاکستان کی بہادر افواج بھارتی اشتعال انگیزیوں
کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی
ہے۔پاکستان کی بہادر فوج وطن کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی اور جبر و
تشدد کشمیری عوام سے ان کا حق خودارادیت چھیننے میں ناکام ہوچکے ہیں۔بھارت
کو مقبوضہ کشمیر میں آگ اور خون کا کھیل بند کرنا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ
موجودہ حالات میں نفاق کی نہیں بلکہ اتحاد کی ضرورت پہلے سے بہت بڑھ چکی
ہے۔