کراچی،سی پیک میں کراچی کو حصہ دیا جائے،میئر کراچی وسیم اختر
میئر کراچی وسیم اخترنے عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) سندھ کے صدرسینیٹر
شاہی سید سے ملاقات کی۔مردان ہاؤس آمد کے موقع پر سینیٹر شاہی سید ودیگر
رہنماؤں نے خوش آمدید کہا۔ میئر کراچی وسیم اختر نے عوامی نیشنل پارٹی کے
رہنماء مرحوم حاجی عدیل کے لئے دعائے مغفرت بھی کی جبکہ عوامی نیشنل پارٹی
اور تمام سیاسی جماعتوں کے بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ مل کر شہرکراچی کی
بہتری کے لئے کام کرنے کا اعادہ بھی کیا۔
ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی کا کہنا تھا
کہ میں ایم کیو ایم پاکستان کا نہیں پورے کراچی کا میئر ہوں ،اختیارات کی
کمی کے باوجود تمام سیاسی جماعتوں کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ ملکر
شہر کراچی کو درپیش مسائل کو حل کریں گے۔
میئر کراچی وسیم اختر کاکہناتھا کہ ہمارے پاس تمام قومیتوں سے تعلق کھنے
والی ٹیم موجود ہے ،وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے
ہاتھ مضبوط کریں،پوری دنیا کی نظریں کراچی پر ہیں،سی پیک میں کراچی کو حصہ
دیا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی کا کہنا تھا کہ چینی کمپنی کو صفائی کا
ٹھیکہ دینے سے پہلے ہم سے بھی مشورہ کر لیا جاتا تو بہتر ہوتا، شہر کے
مسائل کے حل کے لئے ہماری اپنی ٹیم اور وسائل موجود ہے، ہمیں اختیارات دیئے
جائیں توشہر کی صفائی کے لئے کسی غیر ملکی کمپنی کی ضرورت نہیں ہوگی۔