Nov 29, 2016 12:45 pm
views : 937
Location : GHQ, Hockey Stadium
Rawalpindi- General Qamar Bajwa takes charge as Pakistan Army Chief
راولپنڈی،جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی کمان سنبھال لی
سبکدوش آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے پاک فوج کی کمان جنرل قمر جاوید باجوہ کے سپرد کردی۔
جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں پاک فوج کی کمانڈ میں تبدیلی کی پروقار
تقریب منعقد ہوئی جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر
محمود حیات، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ذکا اللہ، ایئر فورس چیف سہیل امان
اور پاک فوج کے کور کمانڈرز سمیت اعلیٰ ترین افسران کے علاوہ وفاقی وزرا
خواجہ آصف،عبدالقادر بلوچ ،مریم اورنگزیب سمیت دیگر پارلیمینٹرینز، غیر
ملکی سفرا اور سفارت خانوں میں تعینات ملٹری اتاشی نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا، جس کے بعد پاک فوج کے چاق و چوبند
دستے نے جنرل راحیل شریف اور کمان سنبھالنے والے جنرل قمر جاوید باجوہ کو
سلامی پیش کی۔ جنرل راحیل شریف اور جنرل قمر جاوید باجوہ نےگارڈ آف آنر کا
معائنہ کیا۔ گارڈ آف آنر میں این ایل آئی، فر نٹیئر فورس اور سندھ رجمنٹ
کےجوان شامل تھے۔ بعد ازاں جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے جنرل قمر جاوید
باجوہ کو روایتی چھڑی پیش کرکے پاک فوج کی کمان ان کے حوالے کی۔
تقریب سے قبل جنرل قمر جاوید باجوہ اور جنرل راحیل شریف نے یادگار شہداء پر
حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہدا کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس
موقع پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جب کہ جنرل راحیل شریف کو پاک فوج
کے اعزازی دستے نے سلامی دی۔