لاہور، پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی بات کرنے والے خود ختم ہوگئے ، رحمن ملک
سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی
بات کرنے والے آج خود ختم ہوگئے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی آج آپ سب کے سامنے
زندہ حالت میں ہے۔ پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے غریب
عوام کیلئے آواز بلند کی اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کی آواز اور شخصیت کو
ضیاء الحق تک نہ دباسکا۔
پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے
گفتگو کرتے ہوئے رحمن ملک کا مزید کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا
نظریہ آج بھی بلاول بھٹو زرداری کی آنکھوں میں دیکھاجاسکتا ہے۔ پیپلز پارٹی
کا منشور صرف غریب عوام کیلئے ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کیلئے
ڈکٹیٹر سے لے کر ہر ایک نے اپنی کوشش کی لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود
پیپلز پارٹی آج بھی اپنی جگہ پر قائم ہے۔
اس موقع پر سابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا
کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بلاول بھٹو زرداری کی گود میں ایک نیا جنم لے
رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے میدان میں اتر کر پیپلز پارٹی کو موجودہ
چیلنجز سے نکالنے کیلئے فیصلہ کیا ہے یہ عوام کی مقبول ترین جماعت بنانے کا
باعث بنے گا۔ بلاول بھٹو زرداری نئی ٹیم کے ساتھ میدان میں اتریں ہیں۔ آصف
علی زرداری صاحب کوچنگ کررہے ہیں جبکہ بلاول بھٹو زرداری اچھی کپتانی کرنے
کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ دمادم مست
قلندر کی سیاست پنجاب میں پیپلز پارٹی کو زندہ رکھ سکتی ہے۔