لاہور،تخت رائیونڈ اور چوہدری نثار دہشت گردوں سے لڑنے کیلئے تیارنہیں ، بلاول بھٹو زرداری
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت نے 27 دسمبر تک
ہمارے 4 مطالبات تسلیم نہ کیے تو ہمارا نعرہ گو نثار گو سے گو نواز گو
ہوگا۔
لاہور میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو آج بھی زندہ ہیں کیونکہ
شہیدمرتے نہیں ، نیشنل ایکشن پلان کا حال عوام نے دیکھ لیا کیونکہ یہ نیشنل
ایکشن پلان نہیں بلکہ (ن) لیگ ایکشن پلان ہے جو ناکام ہوا ہے، دہشت گرد
ہمارے بچوں کے ساتھ کیا کررہے ہیں، بے نظیر بھٹو نے ان دہشت گردوں سے لڑتے
ہوئے جان دے دی مگر تخت رائیونڈ والے اور چوہدری نثار ان لوگوں سے لڑنے کے
لیے بھی تیار نہیں ہیں لیکن میں اب تنگ آگیا ہوں لہذا تخت رائیونڈ سن لے یہ
پنجاب کی آواز ہے آپ کو ماننا پڑے گا آپ ناکام ہوچکے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں
تمام سیاسی جماعتوں نے پارلیمنٹری پارٹی بنانے پر اتفاق کیا تھا مگر آج تک
نواز شریف نے ہمارے مطالبے کو نہیں مانالہذا اگر 27 دسمبر تک نواز شریف نے
ہمارے مطالبات نہیں مانے تو میرا نعرہ گو نثار گو سے گو نواز گو ہوگا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا مزیدکہنا تھا کہ ہم سب میٹرو چاہتے ہیں لیکن پہلے پانی، روٹی، کپڑا اور مکان دیں۔