کراچی، ڈینسو ہال کے قریب گودام میں آگ لگ گئی، فائربریگیڈ کی 10 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف
کراچی کے علاقے ڈینسو ہال میں سوامی نارائن مندر کے قریب گودام میں آگ لگ
گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اور قریبی دکانوں کو بھی اپنی
لپیٹ میں لے لیا، آلگنے کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو طلب کیا گیا اور
فائربریگیڈ کی 10 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں تاہم آگ بے قابو ہوکر
پھیلنے لگی جس کے باعث فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں طلب کرلی گئی ہیں، آگ کی
شدت سے قریبی رہائشی فلیٹس اور اسکول بھی متاثر ہوا ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ ڈینسو ہال کی تنگ گلیوں اور علاقے میں
ٹریفک کے دباؤ کے باعث فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو اندر جانے میں مشکلات کا
سامنا ہے جس کے باعث آگ بجھانے میں دقت پیش آرہی ہے۔
حکام کے مطابق گودام میں کیمیکل کی موجودگی سے آگ پھیلتی جارہی ہے جس کے
باعث اطراف کی دکانیں بھی خالی کرالی گئی ہیں اورمارکیٹ سے تمام افراد کو
باہر نکال لیاگیا ہے جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ آگ کے باعث ایم اے جناح روڈ
بھی کو بند کردیا گیا ہے۔