کراچی،خانانی اینڈ کالیا کمپنی کے ڈائریکٹر جاوید خانانی عمارت سے گرکرجاں بحق
معروف بزنس مین اور فاریکس کمپنی خانانی اینڈ کالیا کے ڈائریکڑ جاوید خانانی عمارت سے گرکر جاں بحق ہوگئے۔
معروف فاریکس کمپنی خانانی اینڈ کالیا کے ڈائریکٹر
جاوید خانانی محمد علی سوسائٹی میں اپنی زیر تعمیر عمارت کی آٹھویں منزل سے
گر کر شدید زخمی ہوگئے جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا تاہم
وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
عینی شاہدین کا
کہنا ہے کہ جاوید خانانی عمارت سے نیچے تاروں پر گرے جس کے باعث پی ایم ٹی
میں زور دار دھماکا ہوا اور پورے علاقے کی بجلی چلی گئی اور پھر جاوید
خانانی زمین پر آ گرے۔
دوسری جانب ایس پی گلشن ڈاکٹر فہد کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ خود
کشی معلوم ہوتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عمارت میں کام کرنے والے 12
مزدوروں کو شامل تفتیش کر لیا گیا ہے جب کہ ابتدائی طور پر تو واقعہ خود
کشی ہی معلوم ہوتا ہے۔ جاوید خانانی اپنی گاڑی پارک کرنے کے بعد دفتر میں
جانے کے بجائے سیدھے اوپر چلے گئے اور پھر یہ واقعہ رونما ہوا تاہم جاوید
خانانی کے موبائل، عینک اور دیگر ضروری سامان کو تحویل میں لے کر واقعہ کی
ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ 2008 اور 2009 میں خانانی اینڈ کالیا شدید مالی بحران کا شکار
رہی جب کہ جاوید خانانی منی لانڈرنگ کے الزام میں ایف آئی اے سیل میں بھی
رہ چکے ہیں۔