Dec 05, 2016 05:39 pm
views : 850
Location : Regent Plaza Hotel
Karachi- Fire in Regent Plaza Hotel, 11 Killed
کراچی ،ہوٹل ریجنٹ پلازہ میں آتشزدگی ، 11 افراد جاں بحق
کراچی کی شاہراہ فیصل پر جناح ہسپتال کے قریب ہوٹل ریجنٹ پلازہ میں لگنے
والی آگ نے تین خواتین سمیت 11 افراد کی زندگیاں نگل لیں، آگ پر چار گھنٹے
کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا۔ امدادی کارروائیوں میں پاک فوج ، رینجرز ،
پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے حصہ لیا۔
کراچی میں آتشزدگی کا ایک اور دلخراش واقعہ کئی قیمتی جانیں لے گیا۔ آگ
رات تین بجے کے قریب شاہراہ فیصل پر واقع ہوٹل ریجنٹ پلازہ کے کچن میں لگی
جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ہوٹل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ہر طرف افراتفری کا
عالم تھا ، جان بچانے کیلئے کوئی ادھر بھاگا تو کوئی ادھر ، آگ نے کسی کو
نکلنے کی مہلت بھی نہ دی ، متعدد لوگوں نے پردوں سے لٹک کر اترنے کی کوشش
کی۔ آگ لگنے کی وجہ سے دھواں ہر طرف پھیل گیا۔ ریسکیو ٹیمیں بھی موقع پر
پہنچیں۔ دھواں نکالنے کے لیے کھڑکیوں کے شیشے بھی توڑے گئے ، امدادی کاموں
میں پاک فوج ، پاک نیوی ، رینجرز ، پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے حصہ لیا۔
میئر کراچی وسیم اختر بھی جائے حادثہ پر پہنچے ، ان کا کہنا تھا کہ ہوٹل
میں کوئی ہنگامی راستہ موجود نہیں تھا ، آتشزدگی کے واقعے میں 75 افراد
زخمی ہوئے جنہیں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زیادہ تر اموات دم گھٹنے سے ہوئیں ، جاں بحق
ہونیوالوں میں دو ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔ آگ پر قابو پانے کے بعد رینجرز اور
پولیس نے ہوٹل کی سیکورٹی سنبھال لی ، کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی
جا رہی۔