Dec 07, 2016 07:33 pm
views : 854
Location : Governor House
Peshawar- Governor KPK Iqbal Zafar Jhagra addresses to Ceremony
پشاور، ملک کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، گورنر خیبرپختونخواہ انجینئر اقبال ظفر جھگڑا
گورنر خیبرپختونخواہ انجینئر اقبال ظفر جھگڑا کا کہنا ہے کہ ملک کی 60 فیصد
آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ ان کا بحیثیت ووٹر اندراج اور ان کا ووٹ کے
حق کے شعور سے آراستہ ہونا بھی یکساں اہمیت کے قومی تقاضے ہیں۔ ملک کے پہلے
جمہوری انتخابات کے انعقاد کے دن کو ووٹرز کے قومی دن کے طور پر منانا
الیکشن کمیشن کا اہم اقدام ہے اور ملک میں آزادانہ ومنصفانہ انتخابات کے
انعقاد سمیت ووٹرز کو شعور وآگہی دلانا ملک میں جمہوری اقدار ونظام کے
استحکام کیلئے الیکشن کمیشن کی اچھی کاوشیں ہیں۔
وہ گورنر ہاؤس پشاور میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے قومی ووٹرز ڈے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے اس کے ساتھ ہی
تقریب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی رکن جسٹس (ر) ارشاد قیصر اور صوبائی الیکشن کمشنر مسرت خان نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان، ارکان صوبائی اسمبلی شاہ
حسین آف الائی اور مسز معراج ہمایوں سمیت اعلیٰ حکام، یونیورسٹی کے پروفیسر
ایڈورڈز کالج کے پرنسپل اور طلباء سمیت ہر طبقہ فکر کے نمائندے موجود
تھے۔تقریب کے بعد گورنر خیبرپختونخواہ اقبال ظفر جھگڑا کی قیادت میں آگاہی
واک کا انعقاد بھی کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر کے پی کے کا مزید کہنا تھا کہ انتخابی عمل
میں لوگوں کی بھرپور شرکت جمہوری نظام کے استحکام اور پائیداری کیلئے ضروری
ہے۔ جمہوری عمل کے استحکام کیلئے ووٹ کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا
کہ ووٹ کے ذریعے ہی سے ملک میں پرامن تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ وفاق کے زیر
انتظام قبائلی علاقہ جات میں بالغ رائے دہی کی بنیاد پر انتخابات میں عوام
کی شرکت یقینی بنائی گئی ہے اور اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کرواتے ہوئے
سال 2017ء کے آخر تک فاٹا میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے اور
فاٹا کو ترقی وخوشحالی کے قومی دھارے میں لایا جارہا ہے۔